نماءندگان +ڈان ٹی وی رپورٹ
ہفتے کے روز پاکستان تحریک انصاف کے ہزاروں کارکنوں نے آٹھ فروری کے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگاتے ہوئے ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے۔ تمام اہم شہروں میں ان مظاہروں اور ریلیوں کے تناظر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ تحریک انصاف کے ایک ترجمان نے تفصیلات بتائے بغیر کہا ہے کہ حکام پرامن مظاہرین کو گرفتار کر رہے ہیں۔تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے راولپنڈی میں ایک عوامی مظاہرے سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا، ”ہم اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، جب تک چوری شدہ مینڈیٹ واپس حاصل نہیں کر لیتے۔‘‘پی ٹی آئی حالیہ انتخابات میں 266 نشستوں میں سے 180 پر کامیابی کا دعویٰ کرتی ہے۔ اس جماعت کا دعویٰ ہے کہ اس کا مینڈیٹ چوری کر کے مخالف جماعتوں کو دھاندلی کے ذریعے جتوایاگیا۔
