سیالکوٹ عالمی معیار کے کھیلوں کا سامان تیار کرتا ہے۔ ممبر برٹش پارلیمنٹ جیمز ڈیلی

پاکستان،برطانیہ کو تجارتی شراکت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ برطانوی وزیر اعظم کے تجارتی ایلچی کا استقبالیہ سے خطاب
لندن :(سٹاف رپورٹر )سیالکوٹ عالمی معیار کے کھیلوں کا سامان تیار کرتا ہے اس حوالے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی شراکت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان میں برطانوی وزیر اعظم کے تجارتی ایلچی ایم پی جیمز ڈیلی نے گریٹر مانچسٹر چیمبر آف کامرس کی طرف سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دس رکنی وفد کے اعزاز میں ایک نیٹ ورکنگ استقبالیہ سے خطاب کے موقع پر کیا۔ ایس سی او سی کے برطانیہ پر آئے دس رکنی وفد کا اہتمام پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے کیا گیا۔نیٹ ورکنگ استقبالیہ تقریب کے مہمان خصوصی ایم پی جیمز ڈیلی تھے ۔دیگر معززین میں ایم پی افضل خان ، سی ای او پاکستان برطانیہ بزنس کونسل (پی بی بی سی) راشد اقبال ، مانچسٹر میں پاکستان کے قونصل جنرل محمد طارق وزیر اور پاکستان ہائی کمیشن لندن کے منسٹر ٹریڈ شفیق احمد شہزاد شامل تھے۔
جیمز ڈیلی نے کہا کہ سیالکوٹ نے اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کی ہیں اور برطانیہ کی کھیلوں کی مارکیٹ مینوفیکچررز کے لیے بہت بڑی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور تجارتی ایلچی وہ سیالکوٹ کو برطانیہ کے تجارتی نقشے پر نمایاں طور پر شامل کرنا چاہتے ہیں۔ برطانیہ میں شراکت داری کو فروغ دینے سے پاکستان کے ساتھ کاروبار کو مزید فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجک طویل مدتی شراکت داری کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مزید مضبوط تعلقات کی ضرورت ہے۔ممبر برطانوی پارلیمنٹ ایم پی افضل خان نے ایس سی سی آئی کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ مانچسٹر میں مقیم 230,000 پاکستانی سیالکوٹ شہر کے ساتھ تعلق کا ذریعہ بنیں گے۔ انہوں نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان ہنر مند افرادی قوت کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔
منسٹر ٹریڈ شفیق احمد شہزاد نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کی دوطرفہ تجارت تقریباً 3 بلین امریکی ڈالر سالانہ ہے اور یہ بنیادی طور پر ٹیکسٹائل پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے پاکستانی مصنوعات کے لیے بے پناہ امکانات کی پیشکش کی ہے۔ پاکستانی ہائی کمیشن پاکستانی اور برطانوی تاجروں کے درمیان روابط کو آسان بنانے کے لیے انتھک محنت کر رہا ہے۔ایس سی سی آئی کے وفد کی قیادت کرنے والےاکرام الحق نے کہا کہ سیالکوٹ کی صنعتیں دنیا بھر میں 100 سے زائد عالمی معیار کے برانڈز کے لیے مواد فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ دنیا کی فٹ بال کی تیاری کا 70 فیصد پورا کرتا ہے اور سالانہ اربوں مالیت کی مصنوعات برآمد کرتا ہے۔ انہوں نے مانچسٹر میں ان کی میزبانی کرنے پر گریٹر مانچسٹر چیمبر آف کامرس اور برطانیہ میں مقیم تاجروں کے ساتھ نیٹ ورکنگ کی سہولت فراہم کرنے پر پاکستان ہائی کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں، ایک نیٹ ورکنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں برطانیہ میں مقیم تاجروں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے تیار کردہ مصنوعات بشمول چمڑے کے سامان، آلات جراحی، کھیلوں کے لباس، فٹ بال اور کرکٹ کے بلے اور گیندوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں