قومی اسمبلی: ’عمر ایوب کی تقریر کیسے نشر ہو گئی؟‘، عملے کی دوڑیں لگ گیں

ڈان ٹی وی لندن یہ تقریر کیسے دکھا رہا ہے جب کہ پی ٹی وی تو نہیں دکھا رہا
سٹاف رپورٹرز+ڈان ٹی وی رپورٹ
اسلام آباد:عمر ایوب کی تقریر کے دوران ان کے پیچھے ایک رکن اسمبلی بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی، جو ان دنوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں، تصویر اٹھائے کھڑا رہا۔سرکاری ٹیلی وژن پارلیمنٹ (پی ٹی وی) نے غالباً اسی وجہ سے یا تو عمر ایوب کو زوم ان کر کے دکھایا یا انہیں سکرین پر سرے سے ہی غائب کر دیا۔
ان کی تقریر کے دوران سارجنٹ ایٹ آرمز کا ایک پریشان اہلکار بھاگتے ہوئے پریس گیلری میں آیا اور کسی کو ڈھونڈنا شروع کر دیا۔
صحافیوں کو سمجھ نہیں آیا کہ کیا ہوا ہے۔ اہلکار سے پوچھنے پر پتہ چلا کہ ایک نجی نیوز چینل عمر ایوب کی تقریر لائیو نشر کر رہا ہے۔
صحافیوں کو پھر بھی سمجھ نہیں آیا کہ وہ کیا کہنا چاہ رہے ہیں۔ اہلکار نے بتایا کہ ’جب پی ٹی وی پارلیمنٹ عمر ایوب کی دکھا ہی نہیں رہا تو ڈان ٹی وی لندن یہ تقریر کیسے دکھا رہا ہے‘ کیونکہ ایوان کی کارروائی نشر کرنے کا اختیار صرف پی ٹی وی ہی کے پاس ہے۔
بعد ازاں اسی اہلکار سے معلوم ہوا کہ ’ڈان ٹی وی لندن سے منسلک رپورٹر چوتھے فلور سے اپنے موبائل فون سے عمر ایوب کی تقریر اپنے چینل پر براہ راست لائیو دکھا رہا تھا۔ موبائل فون سے نشریات تو رک گئیں تاہم رپورٹر نہیں مل سکا۔‘
عمر ایوب نے بھی ڈپٹی سپیکر کو مخاطب کر کے کہا ’پی ٹی وی میری تقریر نہیں دکھا رہا، کاٹ رہا ہے۔ انہیں اس سے متعلق ہدایت کریں۔‘
کچھ دیر بعد ڈپٹی سپیکر نے کہا ’پی ٹی وی کہہ رہا ہے کہ اشتہارات چل رہے ہیں۔ شاید اس وجہ سے نہیں چل رہی تقریر۔‘یہ سن کر ایوان اور پریس گیلری میں قہقہوں کی آوازیں گونج اٹھیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں