وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات

سپیشل رپورٹر
راولپنڈی:زیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جیل ذرائع نے ڈان لندن کو بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سرکاری پروٹوکول کے بغیر اڈیالہ جیل پہنچے۔علی امین گنڈاپور کی اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات 30 منٹ تک رہی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا واپس روانہ ہو گئے۔
بعدازاں تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی سے اہم سیاسی امور پر مشاورت کی جس میں سینیٹ الیکشن میں خیبر پختونخوا سے ناموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں خیبر پختونخوا سے سینیٹ الیکشن کے لیے ناموں کی منظوری بھی لی گئی۔
بیرسٹر سیف نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو ہدایات دیں کہ سیکیورٹی کی بہتری کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائیں اور صوبائی حقوق کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صحت کارڈ اور رمضان پیکیج کے حوالے سے بھی بانی پی ٹی آئی کو بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں