افغانستان: قوانین کی خلاف ورزی پرطالبان نے دو امریکی شہری گرفتارکر لیے، حکومتی ترجمان کی تصدیق

امریکی حکام سے بات چیت جاری، مبینہ خلاف ورزیوں کی تفصیل اور حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی
ٹورازم رپورٹرنوائے وقت
کابل: افغانستان میں قوانین کی خلاف ورزی پرطالبان نے دو امریکی شہری گرفتارکر لیے،طالبان حکومت کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہےکہ افغان قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی وجہ سے دو امریکی شہری ان کی حراست میں ہیں۔طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کو بتایا کہ امریکی شہریوں کی گرفتاری کے بعد امریکی حکام سے اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔مجاہد نے تاہم اپنے بیان میں مبینہ خلاف ورزیوں کی تفصیل اور حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی۔مجاہد کا مزید کہنا تھا کہ جب غیر ملکی شہری افغانستان کا سفر کرتے ہیں تو ان کے لیے افغان قوانین پر عمل کرنا لازم ہے۔ ان کے مطابق، ”اگر یہ لوگ (غیر ملکی سیاح) قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘‘
امریکی خبر رساں ادارے سی بی ایس کے مطابق 2022 سے افغانستان میں قید امریکی شہری ریان کاربیٹ کی اہلیہ نے رواں ہفتے اپنے شوہر سے ٹیلی فون کے ذریعے رابطہ کیا۔ اس فون کال کے بعد ریان کی اہلیہ نے ان کے تحفظ کے حوالے سے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ریان کی رہائی کے لیے بھر پور کوششی‍ں کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں