کورٹ رپورٹرنوائے وقت
اسلام آباد:اسلام آباد بار کونسل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج محسن اختر کیانی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) میں دائر ریفرنس کو ’بے بنیاد‘ اور ’من گھڑت ’ قرار دیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ایک روز قبل یہ بات سامنے آئی تھی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ایک سابق عہدیدار نے جسٹس محسن اختر کیانی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) میں درخواست دائر کردی۔
یہاں یہ بات اہم ہے کہ جسٹس محسن اختر کیانی اسلام آباد ہائی کورٹ کے ان 6 ججز میں شامل تھے جنہوں نے ججز کے کام میں خفیہ ایجنسیوں کی مبینہ مداخلت اور دباؤ میں لانے سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھا تھا۔
اسلام آباد بار کونسل کے وائس چئیرمین عادل عزیز قاضی ایڈوکیٹ نے جسٹس محسن اختر کیانی کے خلاف دائر ریفرنس سے متعلق رد عمل دیتے ہوئے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ دائر ریفرنس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔عادل عزیز قاضی ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ہے، بس یہی کہوں گا کہ جھوٹوں پر اللہ کی لعنت ہو، افسوس ہماری بار میں بھی کالی بھیڑیں موجود ہیں جو چند پیسوں کے لیے یہ کام کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنس میں جو متن لکھا گیا ہے وہ ایک من گھڑت کہانی ہے، یہ ناسور اور کالی بھیڑیں افسوس ہے کہ ہماری بار کے ممبر ہیں، ریفرنس دائر کرنے والے وکیل 17 بار بار کے الیکشن لڑے اور 200/250 لے سکے۔
عادل عزیز قاضی ایڈوکیٹ نے کہا کہ ہمارے ججز میرٹ پر فیصلے کرتے ہیں اور ہمیں ان پر بھروسہ ہے، قانون اور رول اف لا کی ہر چیز کے لیے ہم کھڑے ہیں۔