مقبوضہ کشمیر میں بھارت سرکار نے کشمیریوں کو معاشی نقصان پہنچانے کا منصوبہ بنالیا

مقبوضہ کشمیر کے باغات میں ریل منصوبے سے لاکھوں افراد کا روزگار خطرے میں پڑ گیا
انٹرنیشنل رپورٹرنوائے وقت
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارت سرکار نے کشمیریوں کو معاشی نقصان پہنچانے کا منصوبہ بنالیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں 190 کلومیٹر طویل ریلوے لائن پر مشتمل 5 منصوبوں کی منظوری دی ہے، جس میں سے ایک اننت ناگ، بیج بہاڑہ، پہلگام ریلوے لائن بھی ہے۔
اس منصوبے کی زد میں آکر کشمیر کی 686 ایکڑ زمین تباہ و برباد ہوجائے گی۔ کیونکہ یہ پٹری بچھانے کےلیے جس زمین کا انتخاب کیا گیا ہے وہ سیبوں کے باغات کے لیے انتہائی زرخیز ہے، جو اس خطے کے سب سے مشہور چیز ہے۔ اور مقامی کسانوں سے جبرا ان کی زمین ہتھیالی جائے گی۔
سیبوں کی کاشتکاری مقبوضہ کشمیر میں روزگار کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، جس سے تقریباً 35 لاکھ کسانوں کا روزگار جڑا ہے، جو خطے کی آبادی کا 27 فیصد بنتے ہیں۔ کشمیر کی جی ڈی پی میں سیبوں کی برآمد کا 8 فیصد سے زیادہ حصہ ہے۔
ضلع اننت ناگ کے علاقے بیج بہاڑہ میں اپنے باغ میں کام کرنے والے محمد شفیع نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ روز قبل ان کے باغ میں فوج اور پولیس کے ہمراہ نامعلوم افراد بلااجازت گھس آئے۔ انہوں نے خود کو سرکاری عملہ ظاہر کرکے ان کی زمین کی پیمائش لی اور بتایا کہ یہاں پٹری بچھائی جائے گی اور سڑک بھی تعمیر کی جائے گی۔ شفیع نے کہا کہ ہمیں احتجاج کی بھی اجازت نہیں، ہم بے یار و مددگار رہ گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں