اصفہان کے قریب فوجی اڈے کے قریب تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں،ملک میں جوہری تنصیبات کی تمام سائیٹس (مقامات) محفوظ ہیں،ایران
انٹرنیشنل رپورٹرنوائے وقت
اصفحان:ایران پر اسرائیل کا کمزور حملہ،ایک امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے میزائلوں سے ایران میں ایک مقام کو نشانہ بنایا ہے لیکن ایران کے ایک عہدیدار نے برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ ایران کے خلاف کوئی میزائل حملہ نہیں کیا البتہ صوبہ اصفہان میں دفاعی فضائی نظام کو فعال کرنے کے سبب دھماکے کی آوازیں سنی گئیں۔
اے ایف پی کے مطابق ایران نے جمعے کے روز کہا ہے کہ اس نے کئی ڈرون مار گرائے ہیں اور ملک پر فی الحال کوئی میزائل حملہ نہیں ہوا ہے۔ ایران کی خلائی ایجنسی کے ترجمان حسین دالیرین کا کہنا ہے کہ ملک کے فضائی دفاع کی جانب سے متعدد ڈرونز کو کامیابی کے ساتھ مار گرایا گیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ اصفہان کے قریب فوجی اڈے کے قریب تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے امریکی خبر رساں ادارے اے بی سی نیوزاور ڈان ٹی وی سے منسوب ایک خبر میں بتایا ہے کہ امریکی عہدیدار کے مطابق اسرائیل نے میزائلوں ایران کے ایک مقام کو نشانہ بنایا ہے۔ تاہم ایران کے پریس ٹی وی کے مطابق اصفہان میں صورت حال معمول کے مطابق ہے اور زمین پر کوئی دھماکہ نہیں ہوا۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک میں جوہری تنصیبات کی تمام سائیٹس (مقامات) محفوظ ہیں۔ ایران کے خبر رساں ادارے (ارنا) کے مطابق شام اور عراق میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام نے کہا ہے کہ اصفہان شہر میں کوئی میزائل حملہ نہیں ہوا، دھماکے کی آوازیں اصفہان میں مشکوک شے کو نشانہ بنانے کی تھیں۔
ایرانی سینئر کمانڈر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ رات کے وقت ہونے والے حملے سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
ایرانی سائبر اسپیس سینٹر کے ترجمان حسین دلیریان نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصفہان کی فضا میں 3 ڈرون تباہ کردیے گئے ہیں، میزائل حملے کی ابھی کوئی اطلاع نہیں۔
واضح رہے کہ امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران میں اہداف پر میزائل حملے کئے گئے ہیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ایران کے شہر اصفہان پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایران میں متعدد ایئرپورٹس کو بند کر دیا گیا، مغربی ایران سے گزرنے والے مسافر طیاروں کارخ بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز اسرائیلی وزیر اعظم اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کے ساتھ سخت ترین کشیدگی میں تحمل سے کام لینے سے متعلق عالمی دباؤ مسترد کر دیا تھا۔
نیتن یاہو کا اسرائیلی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہوں نے برطانوی اور جرمن وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں میں واضح کر دیا ہے کہ اسرائیل اپنے دفاع کیلئے جو ضروری ہوگا وہ کرے گا، دوستوں کی قابل قدر تجاویز اپنی جگہ لیکن اسرائیل اپنے فیصلے خود کرے گا۔