مچھلی مصالحے میں کیڑے مار دوائی کی موجودگی کے انکشافکے بعد سنگاپور نے ’’ایورسٹ کری مصالحہ‘‘ کی ساری کھیپ واپس کردی
فوڈ رپورٹر نوائے وقت
سنگاپور:کھانسی کے زہریلے سیرپ کے بعد بھارتی مصالحہ جات کا شرمناک اسکینڈل بھی سامنے آگیا ہے۔ سنگاپور کو بھیجے جانے والے مچھلی مصالحے میں کیڑے مار دوائی کی موجودگی کا انکشاف ہوا، جس پر سنگاپور نے ’’ایورسٹ کری مصالحہ‘‘ کی ساری کھیپ واپس کردی۔
حکومت کی جانب سے بھارتی مصالحہ استعمال کرنے والوں کو طبی معائنہ کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی کمپنیاں دو نمبری میں پوری دنیا میں پہچان بنا رہی ہیں۔ بلکہ موت بھی بانٹ رہی ہیں۔
گزشتہ برس بھارتی کمپنی کے تیار کردہ کھانی کے سیرپ سے ازبکستان میں 65 بچوں کی موت ہوگئی تھی، جس کے بعد اقوام متحدہ نے اس پر پابندی لگا دی تھی۔ اب بھارتی مصالحوں میں بھی زہریلے اجزا پائے گئے ہیں، جو انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک ہیں۔
سنگاپور نے ایورسٹ فش کری مصالحہ واپس کرنے کا اعلان کیا ہے جو بھارت سے درآمد کی جانے والی ایک مشہور پروڈکٹ ہے۔ بھارت کو اس بات پر بڑا ناز ہے کہ اس کے مصالحوں کی ایک بڑی رینج کئی ممالک میں مقبول ہے، لیکن تازہ اسکینڈل نے اس کے فخر کو شرمندگی میں بدل دیا ہے۔
بھارتی مصالحے میں کیڑے مار دوا ایتھیلین آکسائیڈ کی زیادہ مقدار کی موجودگی پر اسے واپس بھجوایا جا رہا ہے۔ یہ قدم ہانگ کانگ کے فوڈ سیفٹی سینٹر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ جس میں مصالحے میں ایتھیلین آکسائیڈ کی زیادہ مقدار کے بارے میں بتایا گیا تھا۔