برطانیہ میں ایسا بھی ہوا ہے :آدھے درجن ریستورانوں میں مہنگا کھانا کھاکر فرار ہونیوالے افراد پکڑے گئے

سات ریستورانوں میں مہنگا کھانا کھاکر بغیر بل ادا کیے فرار ہونے والے مرد اور خاتون کو بلآخر پولیس نے گرفتار کرلیا

سٹاف رپورٹرنوائے وقت

لندن: یقین کریں کہ برطانیہ میں ایسا بھی ہوا ہے ۔سات ریستورانوں میں مہنگا کھانا کھاکر بغیر بل ادا کیے فرار ہونے والے مرد اور خاتون کو بلآخر پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ویلز میں مبینہ طور پر آدھے درجن سے زائد ریستورانوں میں کھانے پینے کے بعد بھاگ جانے والے والے اور چوری میں ملوث دو افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

ویلز کے پورٹ ٹالبوٹ نامی ٹاؤن میں ریستوران کے بل ادا کیے بغیر چلے جانے اور شاپ لفٹنگ کے متعدد مبینہ واقعات کی اطلاعات کے بعد پولیس متحرک ہوگئی تھی۔

اب پورٹ ٹالبوٹ ٹاؤن سے تعلق رکھنے واللے 41 سالہ مرد اور 39 سالہ خاتون کو دھوکہ دہی (بے ایمانی سے خدمات حاصل کرنے) اور چوری کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔

دونوں فی الحال سوانسی سینٹرل پولیس اسٹیشن کی تحویل میں ہیں جبکہ ساؤتھ ویلز پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے۔

پورٹ ٹالبوٹ میں نئے کھلنے والے ایک ریستوران نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ کچھ لوگ 329 پاؤنڈز کا بل ادا کرنے سے پہلے ہی ڈنر کرکے وہاں سے چلے گئے تھے۔
ان واقعات کے بعد پولیس نے ایک مرد اور ایک خاتون سے پوچھ گچھ کی ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے بھی تفتیش جاری ہے۔
ان کا طریقہ واردات یہ تھا کہ ریستوران میں کھانے کے بعد خاتون کاؤنٹر پر آتی اور ادائیگی کرنے کی کوشش کا ڈرامہ کرتی لیکن اس کا کارڈ کام نہیں کرتا۔ پھر وہ عملے سے قریبی کیش پوائنٹ پر جانے کا کہہ کر مبینہ طور پر غائب ہوجاتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں