عاصمہ جہانگیر کانفرنس: جرمن سفیر کی تقریر کے دوران فلسطین کے حق میں احتجاج، براہ راست نشریات بند کرنا پڑیں

آیرش حیات

لاہور:پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس کو لاہور میں پانچویں عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں اس وقت کچھ دیر کے لیے اپنی تقریر روکنا پڑی جب ان کے سامنے فلسطین کے حق میں احتجاج کیا گیا۔

گراناس ’عوام کا مینڈیٹ: جنوبی ایشیا میں شہری حقوق کا تحفظ‘ نامی سیشن میں تقریر کرنے آئے تو کانفرنس ہال میں موجود ایک شخص نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا: ’معاف کیجیے گا مسٹر سفیر۔ میں آپ کی اس دلیری پر حیران ہوں کہ آپ یہاں شہری حقوق کی بات کرنے آئے ہیں جب کہ آپ کا ملک فلسطینیوں کے حقوق کی بات کرنے والوں کے ساتھ وحشیانہ سلوک کر رہا ہے۔‘

اس تبصرے پر کانفرنس ہال میں لوگوں نے تالیاں بجائیں اور ’آزاد فلسطین‘ کے نعرے لگائے۔

گراناس نے کہا: ’اگر آپ چیخنا چاہتے ہیں تو باہر چلے جائیں۔ وہاں آپ چیخ سکتے ہیں کیونکہ شور مچانا بحث نہیں۔‘

اس واقعے کے رونما ہونے پر کانفرنس کی براہ راست نشریات میں جرمن سفیر کی آواز کچھ دیر کے لیے بند کر دی گئی، پھر چند منٹوں کے لیے سیشن کی یو ٹیوب پر لائیو سٹریمنگ بھی منقطع ہو گئی۔

عاصمہ جہانگیر لیگل ایڈ سیل کے زیر اہتمام دو روزہ کانفرنس کا انعقاد سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں