کینیڈین وزیراعظم کی اپوزیشن لیڈر کے ہمراہ خالصہ ڈے کی تقریب میں شرکت، پنجابی میں نعرے لگائے
کینیڈا بھر میں خالصہ ڈے تقریبات میں آپ کے ساتھ شریک ہیں، سکھوں کی عباد ت گاہوں اور کمیونٹی سینٹرز کی سیکیورٹی یقینی بنائیں گے،جسٹن ٹروڈو
فرحان اختر
انٹاریو:کینیڈا بھر میں سکھوں کی خالصتان تحریک نے زور پکڑ لیا ہے اور خالصہ ڈے کی تقریب میں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور اپوزیشن لیڈر نے بھی شرکت کی۔
کینیڈا میں سکھوں کی خالصتان تحریک نے زور پکڑ لیا ہے۔ انٹاریو میں خالصہ ڈے کی تقریب ہوئی جس میں شرکا نے سکھوں کے علیحدہ وطن خالصتان کے حق اور بھارتی رہنماؤں کے خلاف نعرے لگائے۔
تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپوزیشن لیڈر کے ہمراہ نہ صرف شرکت کی بلکہ پنجابی میں نعرے بھی لگائے۔
اس موقع پر جسٹن ٹروڈو نے سکھوں کو بیساکھی کے تہوار کے مبارک باد دی اور کینیڈا میں رہنے والے سکھ شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امرتسر سے کینیڈا کے لیے پروازوں میں اضافہ کرنے کی نوید بھی سنائی۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا بھر میں خالصہ ڈے تقریبات میں آپ کے ساتھ شریک ہیں، سکھوں کی عباد گاہوں اور کمیونٹی سینٹرز کی سیکیورٹی یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس تقریب میں ارکان پارلیمنٹ، میئرز، سیاسی رہنما شریک ہیں اور یہ تقریب ہم سب کو اکٹھا کرنے اور خوشی کا سبب ہے۔
تقریب میں کینیڈین وزیراعظم کے سامنے شرکا نے وزیراعظم مودی سمیت بھارتی رہنماؤں کے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے اور بھارتی رہنماؤں کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے انہیں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کا قاتل قرار دیا۔
واضح رہے کہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کو گزشتہ سال کینیڈا میں قتل کیا گیا تھا۔
اس قتل کے تانے بانے اور شواہد بھارتی حکومتی اہلکاروں سے ملتے تھے اور کینیڈین وزیراعظم نے بھی اس کا برملا اظہار کرتے ہوئے سخت موقف اختیار کیا تھا۔