پرائڈ پریڈ حملے کے مبینہ پاکستانی ماسٹرمائنڈ کو ناروے نے اپنی تحویل میں لے لیا

ناروے میں رہنے والے 46 سالہ عرفان بھٹی پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کا شبہ ہے لیکن فائرنگ سے قبل وہ پاکستان چلے گئے تھے

انٹرنیشنل رپورٹر نوائے وقت
اوسلو:ناروے کے حکام نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک شدت پسند کو ناروے کے حوالے کر دیا ہے جن پر شبہ ہے کہ وہ اوسلو میں پرائڈ فیسٹیول کے موقعے پر فائرنگ کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 25 جون 2022 کی رات کو پرائڈ پریڈ (ہم جنس پرست اور خواجہ سرا) سے چند گھنٹے قبل ایک شخص نے وسطی اوسلو میں دو بارز کے باہر فائرنگ کر دی جس میں ایک معروف ہم جنس پرست کلب بھی شامل تھا۔

اس فائرنگ میں دو افراد کی جان گئی اور نو دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

44 سالہ ایرانی نژاد ناوریجین شہری زانیار متاپور پر اس وقت مقدمہ چل رہا ہے اور ان پر ’دہشت گردی‘ میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
متاپور نے خود کو بے قصور قرار دیا ہے لیکن نفسیاتی ماہرین ان کی ذہنی صحت اور اس معاملے میں ان کی قانونی ذمہ داری کے بارے میں اختلافات کا شکار ہیں۔

ناروے میں رہنے والے 46 سالہ عرفان بھٹی پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کا شبہ ہے لیکن فائرنگ سے قبل وہ ناروے چھوڑ کر پاکستان چلے گئے تھے۔

اگرچہ ناروے اور پاکستان کے درمیان ملزموں کی حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں ہے لیکن پاکستانی حکام نے اوسلو کی درخواست قبول کر لی۔

ناروے کے وزیر انصاف ایملی اینگر مہل نے بتایا کہ ’عرفان بھٹی اس وقت ناروے کی پولیس کی نگرانی میں طیارے میں سوار ہیں۔‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں