رانا وحید
ساہیوال: ساہیوال پاکپتن روڈ سڑک پر مویشی منڈی لگنے سے مکمل بند سڑک کے دونوں اطراف ٹریفک کی لمبی لائنیں لگ گئیں اور مویشی منڈی کے ٹھیکیداروں نے قربانی کے جانور خریدنے والوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا اور ریٹ سے زائد رقم وصول کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ شریف شہری جو جانور خریدنے منڈی اتے ہیں ان کے ساتھ بدمعاشی کی جاتی ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ساہیوال سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مویشی منڈی کو سڑک اور شہر سے ہٹائے جانے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔شہر کے اندر چوک چوراہوں اور پاکپتن روڈ پر جانوروں کی خرید فروخت انتظامیہ کی نااہلی کو منہ چڑا رہی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے مویشی منڈی کے لیے شہر سے باہر جگہ مختص کر رکھی ہے۔ٹریفک کی لمبی لائنیں لگنے کے باوجود ٹریفک کلیئر کروانے کوئی اہلکار نہ پہنچ سکا۔شام ڈھلتے ہی شہر کے مین بازاروں میں جانوروں کی خریدو فروخت کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے اور منڈی سے خرید کر آنے والے شہریوں سے مویشی منڈی کے ٹھیکیدار زبردستی اوور چارجنگ کر رہے ہیں جن کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ساہیوال سے اس عماملے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔