جاں بحق بابر حسین کا تعلق حافظ آباد ، محمد شہباز مرحوم کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے، جسد خاکی پاکستان بھجوانے کیلئے اقدامات جاری
محمد الیاس قادری ،نمایندہ خصوصی نوائے وقت
فیرارا/اٹلی : اٹلی کے شہر فیرارا کے نواحی علاقے میں تیز رفتار کار بے قابو ہو کر نہر میں جا گری، جس کے نتیجے میں کار سوار دو پاکستانی ہلاک جبکہ 5 زخمی ہو گئے, پورتومیجوے اور قریبی علاقوں میں مقیم 7 پاکستانی عیدالاضحٰی سے اگلے روز کھیتی باڑی کے کام سے چھٹی کے بعد ایک کار میں سوار ہو کر گھروں کو لوٹ رہے تھے کہ کار بے قابو ہو کر سڑک سے ملحقہ نہر میں جاگری، اس المناک حادثے میں ایک 38 سالہ کار سوار پاکستانی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا ایک اور شدید زخمی ساتھی ہسپتال لیجاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا، حادثہ پورتوویرارا کی سڑک پر پیش آیا، زخمیوں کو ہیلی کاپٹر اور ایمبولینسز کی مدد سے فیرارا اور بولونیا کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا, جاں بحق ہونے والے محمد شہباز کا تعلق گوجرانوالہ اور بابر حسین کا تعلق حافظ آباد سے ہے، مرحومین کے جسد خاکی جلد پاکستان بھجوانے کیلئے سفری دستاویزات تیاری کے مراحل میں ہیں۔