سٹاف رپورٹر نوائے وقت
کوئٹہ :بلوچستان لیویز کے مطابق کوئٹہ سے متصل ضلع ہرنائی کے تفریحی مقام سے نامعلوم افراد نے پکنک کے لیے آنے والے دس افراد کو اغوا کر لیا ہے۔
یہ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کوئٹہ سے شمال مشرق میں تقریباً پچاس کلومیٹر دور ضلع ہرنائی کے علاقے شعبان میں پیش آیا جو ایک تفریحی مقام ہے۔
لیویز کنٹرول روم ہرنائی کے اہلکار اجمل قادر نے بتایا کہ عید کے موقع پر یہاں سیاحوں کا بہت رش تھا زیادہ تر سیاح رات سے پہلے واپس چلے گئے تاہم سو کے قریب سیاح شعبان میں ایک سرکاری ریسٹ ہاؤس اور اس کے اطراف کے علاقوں میں ہی رات گزارنے کے لیے ٹھہرے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ رات گئے قریبی پہاڑوں سے چالیس سے پچاس نامعلوم مسلح افراد نیچے اترے اور وہاں موجود سب سیاحوں کو یرغمال بنالیا – سب کے شناختی کارڈ چیک کیے، پوچھ گچھ کی اور ان میں سے 14 افراد کو اپنے ساتھ لے گئے۔
لیویز عہدے دار کے مطابق بعد میں چار افراد کو راستے میں چھوڑ دیا اور باقی دس افراد کو اپنے ساتھ نامعلوم مقام کی طرف لے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ اغوا ہونے والوں میں دو کی شناخت اب تک ہمیں معلوم ہوئی ہے ان میں ایک کسٹم اہلکار ہے- یہ اطلاع ہے کہ مغویوں میں زیادہ تر پنجابی بولنے والے افراد ہیں۔