آزاد کشمیر سے لاپتا سابق فوجی اہلکار کا جاسوسی کے الزام میں ملٹری کی حراست میں ہونے کا انکشاف

محبوب گوندل

اسلام آباد: آزاد کشمیر سے لاپتہ شہری خورشید احمد کی گرفتاری ظاہر کر دی گئی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ خورشید ملٹری کی حراست میں ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے خورشید احمد کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ وزارت دفاع کے ڈائریکٹر لیگل عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

دوران سماعت، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جاسوسی کے الزام میں خواجہ خورشید ملٹری کی حراست میں ہیں، جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ چلیں بندے کا پتہ تو چل گیا۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ قانون کے مطابق متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتے ہیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ کیا وہ ملٹری سے ریٹائرڈ ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے بتایا کہ جی وہ ملٹری سے ریٹائرڈ ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ ہمیں ان کے جواب کی کاپی دے دیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ جی بالکل آپ کاپی لے لیں اور متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتے ہیں۔

عدالت نے لاپتہ شہری سے متعلق درخواست نمٹا دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں