آصف کیانی
اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ پختونخوا میں کسی بھی آپریشن کے لیے انہیں بانی تحریک انصاف کے پاس جانا ہوگا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے الیکشن میں بے ضابطگیاں ہوئیں، ہماری سپریم کورٹ میں جوڈیشل کمیشن کی درخواست پڑی ہے، کیا لوگوں کا حق مارنا ڈاکا نہیں ہے؟، الیکشن میں خواتین کے سر سے دوپٹے چھینے گئے اور اب آپ ہماری خواتین کی مخصوص نشستیں چھیننا چاہتے ہیں۔
علی محمد خان نے کہا کہ ہم یہ نشستیں نہیں چھیننے دیں گے۔ آئین کہتا ہے متناسب نمائندگی دی جائے گی۔ یہ سیٹیں پاکستان تحریک انصاف کی ہیں۔ کس منہ سے حکومت یہ مخصوص نشستیں مانگ رہی ہے۔ پختونخوا حکومت کوئی آپریشن صوبے کے عوام کی مرضی کے خلاف نہیں ہونے دے گی۔ ان کو بانی پی ٹی آئی کے پاس جانا ہوگا۔