خالد لطیف بلوچ
لندن: برطانوی عام انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی جماعت ریفارم یو کے کی جانب سے کھڑے امیدوار نے برطانیہ پہنچنے والے تارکین وطن کو قتل کرنے دھمکی دے دی۔
عرب میڈیا نے ایک برطانوی اخبار کے حوالے سے خبر دی ہے کہ آئندہ ماہ ہونے والے برطانوی عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار لیزلی لیلی نے نہ صرف تارکین وطن کو قتل کرنے کی دھمکی دی بلکہ کہا کہ وہ ان کے اہل خانہ کو بھی ملک سے باہر نکال دیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ساؤتھ اینڈ ایسٹ اور راچفورڈ کے حلقے سے تعلق رکھنے والے لیزلی لیلی نے چار سال قبل فیس بک اکاؤنٹ پر یہ دھمکیاں دی تھیں جسے وہ اب اپنی انتخابی مہم چلانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
جون 2020 میں ڈوور میں تارکین وطن کی ایک چھوٹی کشتی کی آمد کی خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ میں انہیں بھاگنے نہیں دوں گا بلکہ ذبح کر دوں گا۔
بقول لیزلی لیلی کے وہ برطانیہ میں تارکین وطن کے نام پر مزید گندگی برداشت نہیں کر سکتے۔
برطانیہ میں ریفارم یو کے نامی یہ جماعت ایک دائیں بازو اور عوامیت پسند جماعت کہلاتی ہے جس کی بنیاد 2018 میں رکھی گئی تھی، اس کی قیادت یو کے انڈیپینڈس پارٹی کے سابق رہنما نائجل فیرج کر رہے ہیں۔