نوائے وقت نیوز
ٹرینیڈاڈ :امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل سے قبل جنوبی افریقی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر سے سفری مسائل کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق بارباڈوس ایئرپورٹ کے رن وے کے بند ہونے کے باعث جنوبی افریقی ٹیم کی فلائٹ ٹرینیڈاڈ میں چھ گھنٹوں تک رکی رہی۔
بارباڈوس کے گرینٹلے ایڈمز ایئرپورٹ پر نجی چھوٹے طیارے کی خراب لینڈنگ کے باعث جنوبی افریقی ٹیم، اُن کی فیملیز، کمنٹیٹرز، میچ آفیشلز اور آئی سی سی آفیشلز ٹرینیڈاڈ ایئرپورٹ پر رُل گئے۔
بارباڈوس ایئرپورٹ کو سِول ایوی ایشن اتھارٹی اور بارباڈوس پولیس سروس کی جانب سے جائزہ لینے کے لیے بند کیا گیا۔
ٹرینیڈاڈ سے جنوبی افریقی ٹیم کی فلائٹ ابھی پرواز بھرنے ہی لگی تھی کہ پائلٹس کو معلومات ملیں کہ بِرج ٹاؤن (بارباڈوس کا دارالحکومت) کے ایئرپورٹ کا رن وے بند ہے۔
ٹرینیڈاڈ سے بارباڈوس جانے والی فلائٹ کے مسافروں کو بتایا گیا کہ فلائٹ کا نیا ٹائم شام ساڑھے چار بجے ہوگا جس کے باعث یہ فلائٹ تقریبا چھ گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہی۔
اس دوران تمام مسافر جہاز سے اتر کر ٹرمینل پر واپس چلے گئے۔