تقریباً ڈیڑھ دہائی کے اقتدار کے بعد حکمران کنزرویٹو پارٹی کو شکست کا سامنا ہے
برطانوی عام انتخابات میں کروڑوں رائے دہندگان آج اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔
خالد لطیف بلوچ
لندن:جمعرات کے روز ہونے والی اس ووٹنگ کے لیے مقامی اسکولوں اور کمیونٹی ہالز میں پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں، جو مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے سے رات دس بجے تک کھلے رہیں گے۔
تقریباً 46 ملین برطانوی ووٹرز پارلیمان کے ایوان زیریں کے 650 ارکان کو دارالعوام کے لیے منتخب کرنے کے اہل ہیں۔ پارلیمنٹ کی 543 نشستیں انگلینڈ میں ہیں جبکہ 57 اسکاٹ لینڈ میں، 32 ویلز میں اور 18 شمالی آئرلینڈ میں ہیں۔
ہر علاقے یا حلقے کے نتائج کا اعلان آج رات تک یا پھر جمعہ کی صبح تک کیے جانے کی توقع ہے۔ سیاسی جماعتیں حکومت بنانے کے لیے نصف سے زیادہ نشستیں یعنی 326 سیٹیں جیتنے کے لیے ہر ممکن سعی کر رہی ہیں۔