رانا وحید نوائے وقت
ساہیوال: ساہیوال عوامی مسائل کےفوری حل کےلئے چیچہ وطنی میں کھلی کچہری کا انعقاد، شہریوں نے واپڈا کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے جبکہ بیشتر شکایات کاموقع پرازالہ کیا گیا۔
وفاقی محتسب علاقائی سیکرٹریٹ فیصل آباد کے انویسٹیگیشن آفیسرکامران مقصود نے وفاقی اداروں سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کے لیے چیچہ وطنی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں سائلین کی متعدد شکایات و مسائل کا موقع پر ہی ازالہ کر دیا گیا ۔انویسٹیگیشن آفیسر کامران مقصود اور جمیل احمد نے کھلی کچہری میں 60 سے زائد سائلین کی شکایات سنیں ۔جن میں سے 45 کا موقع پر ہی ازالہ کر دیا گیا ۔تاہم باقی ماندہ شکایات کے حل کےلئے متعلقہ اداروں کے سربراہان کو احکامات جاری کر دیئے گئے۔انویسٹیگیشن آفیسر کامران مقصود نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد وفاقی اداروں سے متعلق عوامی شکایات کا مفت اور فوری ازالہ کرنا اور عوام میں اپنے حقوق کے دفاع سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے سید الطاف حسین شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس کسی کو بھی ان اداروں سے متعلق کوئی مسائل درپیش ہوں تو بغیر وکیل کے سادہ کاغذ پر درخواست دیں، وفاقی محتسب کا ادارہ ہمہ وقت آپ کی خدمت اور مسائل کے فوری حل اور انصاف کےلئے اقدامات اٹھائے گا اور آپ کو آپ کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی محتسب کا شکایات ومسائل کے حل کا تناسب 95 فیصد سے بھی زائد ہے لہذا وفاقی اداروں سے متاثرہ کوئی بھی فرد اپنی شکایات کے فوری حل کےلئے درخواست دیں۔اس موقع پر کھلی کچہری کے سائلین نے اپنی شکایات کے فوری اور مفت حل ہونے پر نہ صرف مسرت کا اظہار کیا بلکہ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی اور ادارے کی ترقی اور بہتری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔