چیمپئیز ٹرافی 2025؛ پاک بھارت ٹیمیں کب ٹکرائیں گی؟ تاریخ سامنے آگئی

ڈاکٹر اختر گلفام سے

لاہور:آئی سی سی چیمپئیز ٹرافی 2025 کیلئے پاک بھارت ٹیموں کے درمیان میچ کی تاریخ منظر عام پر آگئی۔

بھارتی میڈیا نے آئی سی سی بورڈ کے حوالے سے رپورٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ روایتی حریفوں کے درمیان اہم معرکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں یکم مارچ کو کھیلا جائے گا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے تمام میچز سیکیورٹی وجوہات کے بنا پر ایک ہی وینیو رکھےگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول آئی سی سی سمیت ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کے ساتھ شیئر کردیا ہے تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے منظوری آنا باقی ہے۔

آئی سی سی بورڈ رکن کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے 15 میچوں پر مشتمل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ڈرافٹ جمع کروایا تھا، 7 میچز لاہور جبکہ 3 میچز کراچی اور 5 میچز راولپنڈی میں شیڈول ہیں۔

مجوزہ شیڈول میں گروپ اے میں پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور نیوزی لینڈ شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان شامل ہیں۔

دوسری جانب تمام رکن ممالک نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے اپنی آمد کی تصدیق کردی ہے جبکہ بی سی سی آئی حکومت سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گا۔

یاد رہے بھارتی میڈیا کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کی مجوزہ تاریخیں 19 فروری سے 9 مارچ تجویز کی گئی تھیں جبکہ 10 مارچ کو ایونٹ کے فائنل کیلئے ریزرو ڈے کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں