فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ وقت کی اہم ضرورت ہے،کمشنر ساہیوال ڈویژن

شعیب اقبال سید ،آرپی او محبوب رشید، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنرز صائمہ علی، کیپٹن (ر) فرخ عتیق، سعدیہ مہر اور ڈی پی او ساہیوال فیصل شہزاد کی اجلاس میں شرکت

رانا وحید نوائے وقت

ساہیوال : فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ تمام مسلمانوں کی دینی ذمہ داری ہے کہ وہ محرم میں امن، رواداری اور بھائی چارے کے لئے اپنا اہم حصہ ڈالیں۔ یہ بات کمشنر آفس میں منعقدہ ڈویژنل امن کمیٹی اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں کہی گئی۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی جبکہ آرپی او محبوب رشید، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنرز صائمہ علی، کیپٹن (ر) فرخ عتیق، سعدیہ مہر اور ڈی پی او ساہیوال فیصل شہزاد بھی اجلاس میں موجود تھے۔ علماء نے محرم کے دوران مجالس اور ذوالجناح کے جلوسوں کی حفاظت کے لئے ڈویژن بھر میں اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا ۔ مسیحی رہنماؤں نے توہین رسالت کے قانون کو ذاتی مفادات کے لئے استعمال کرنے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور اپیل کی کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے فول پروف میکنیزم بھی ترتیب دیا جائے تاکہ کسی مظلوم سے زیادتی نہ ہو اور اقلیتوں میں موجود خوف کی فضا ختم ہو۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ امن کے بغیر کوئی معاشرہ یا ملک ترقی نہیں کر سکتا اس لئے ضروری ہے کہ اگلی نسلوں کو بہتر پاکستان دینے کے لئے ہر فرد امن کے قیام اور نفرتوں کو ختم کرنے کے لئے کوشش جاری رکھے۔ آرپی او محبوب رشید نے بتایا کہ محرم کے دوران ڈویژن بھر میں ہونے والی تمام مجالس اور ذوالجناح کے جلوسوں کی حفاظت کے لئے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں 1749مجالس منعقد ہونگی اور461ذوالجناح کے جلوس نکلیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں