رانا وحید نوائے وقت
ساہیوال: کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ آبادی کا عفریت وسائل کو کھا رہا ہے ،جس سے عام آدمی تک بنیادی شہری سہولیات نہیں پہنچ رہیں۔ عوام میں شعور اجاگر کر کے بڑھتی ہوئی آبادی بڑھنے کی رفتارکم کی جا سکتی ہے۔ وہ یہاں ضلع کونسل ہال میں عالمی یوم آبادی کے سلسلے میں محکمہ بہبود آبادی ساہیوال کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جس سے قبل ریلی بھی نکالی گئی، جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، اے ڈی سی جنرل سید عثمان منیر بخاری، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر راؤ شاہد رضا خان اور ڈی او ایلیمنٹری ایجوکیشن خادم حسین موہل سمیت محکمہ بہبود آبادی کے افسران اور فیلڈ سٹاف نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر راؤ شاہد رضا خان نے بتایا کہ محکمے نے عوام کے رویوں میں تبدیلی لانے کے لئے خصوصی مہم شروع کی ہے کہ سروسز کی فراہمی کے لئے ہیلپ لائن 1793بھی موجود ہے جس پر کال کر کے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ بہتر کارکردگی پر فیلڈ سٹاف میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔
