پولیٹیکل رپورٹر نوائے وقت
پنسلوینیا :امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت ہوگئی۔
امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والا مقامی شخص تھا جس کی عمر 20 سال تھی اور نام تھامس میتھیو کروکس تھا۔
امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے فوراً بعد اہلکاروں نے حملہ آور کو گولی مار دی تھی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کو اہلکاروں نے ڈرامائی انداز سے ایک ہی لمحے میں حصار میں لے لیا تھا، جبکہ خاتون اہلکار بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے ڈھال بن گئیں اور سابق صدر کے پورے جسم کو محفوظ بنا لیا۔
اس موقع پر اہلکاروں کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ شوٹر مرچکا ہے، اب ڈونلڈ ٹرمپ کو اسٹیج سے گاڑی کی طرف لے جایا جاسکتا ہے جس پر سابق صدر کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے انہیں کھڑا کیا اور انہیں پورے حصار میں لے کر گاڑی کی طرف روانہ ہو گئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد سابق امریکی صدر ٹرمپ نیو جرسی پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقدہ ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے اسٹیج پر موجود تھے جب ان پر فائرنگ ہوئی، گولی بظاہر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔
انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ کرنے والا حملہ آور مارا گیا جبکہ ایک دوسرا شخص بھی ہلاک ہوا ہے۔