کراچی، اسلام آباد، لاہور،کوئٹہ، پشاور، فیصل آباد، ملتان اور پنڈی میں گرمی کی شدت کافی بڑھ جائے گی
محمد پرویز
واشنگٹن: امریکی رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ 2080 تک دنیا کے 4 ہزار سے زائد شہروں کے درجہ حرارت میں 6 ڈگری تک اضافہ ہوسکتا ہے۔
امریکا کی میری لینڈ یونیورسٹی کے ماہرین موسمیات کے مطابق 2080 تک پاکستان کے شہروں کراچی، اسلام آباد، لاہور،کوئٹہ، پشاور، فیصل آباد، ملتان اور پنڈی میں گرمی کی شدت کافی حد تک بڑھ جائے گی۔
امریکی ماہرین موسمیات نے کراچی کے حوالے سے پیشن گوئی کی ہے کہ آئندہ 60 برسوں میں کراچی میں بارشوں میں 0.4 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ اسی طرح گرمی 3.3 ڈگری سیلسیس زیادہ اور موسم گرما 18.2 فیصد خشک رہے گا۔
کراچی میں موسم سرما بھی 5 ڈگری گرم ہوگا۔ 2080 تک کراچی کا موسم سعودی عرب کے شہر الباحہ کی طرح ہوا کرے گا۔
تاہم اس پیش گوئی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر موسمیاتی تبدیلی کا باعث بننے والے عوامل کے اخراج کو کم کریں تو کراچی کے درجہ حرارت میں اضافہ صرف 1.1 ڈگری، بارشوں میں 17.3 فیصد اضافہ اور سردیوں میں 1.7 ڈگری کمی اور 2.9 فیصد بارشوں کی توقع ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے عوامل کے کم اخراج کی صورت میں 2080 میں کراچی کا موسم ایسا ہوسکتا ہے جیسا کہ آج کل یمن کے شہر مکلہ کا ہے۔
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت اگر ماحولیات پر قابو پالے تو درجہ حرارت میں مزید ایک سے دو ڈگری کی کمی ہوسکتی ہے۔