محمد لطیف
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرنیشنل میڈیا سیل کے رکن احمد جنجوعہ کے اہل خانہ نے ہفتے کو بتایا کہ انہوں نے احمد کی بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
احمد کے اہل خانہ نے بتایا کہ وکیل ایمان مزاری کے ذریعے دائر کی گئی درخواست میں ’لاپتہ پی ٹی آئی انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کی بازیابی کے لیے آج ہی سماعت کی استدعا‘ کی گئی ہے۔
احمد کی اہلیہ فرحانہ برلاس نے درخواست میں کہا کہ ’پی ٹی آئی سے تعلق کی وجہ سے میرے خاوند کو لاپتہ کیا گیا۔ عدالت میرے خاوند کو بازیاب کرانے کا حکم دے۔‘
درخواست میں سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری دفاع، آئی جی اور ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن ہمک کو فریق بنایا گیا ہے۔
وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ ’احمد جنجوعہ کی اہلیہ نے ان کی جبری طور پر گشمدگی کی درخواست دائر کی ہے۔ ہماری پوری کوشش تھی کہ درخواست آج ہی لگ جائے لیکن چونکہ ہفتے کے روز کوئی عدالت دستیاب نہیں، اس کا یہی مطلب ہے کہ ہفتے کو کوئی شہری اغوا ہوگا تو اس کی کوئی داد رسی نہیں ہوگی۔ درخواست کو سوموار کے روز ہی لگایا جائے گا۔‘