جرمنی: فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر ’افغانیوں‘ کے حملے،بلڈنگ کے اندر داخل ہو گئے۔ پتھراؤ کیا ،پاکتانی پرچم بھی اتار کر لے گئے

پاکستان کی فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر ’انتہا پسند گروہ‘ کے حملے کی شدید مذمت

اشتیاق ٹونی

فرینکفرٹ :جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہری احتجاج کے دوران پاکستانی قونصل خانے میں داخل ہو گئے۔ مشتعل مظاہرین نے پاکستانی قونصل خانے پر پتھراؤ بھی کیا اور قونصل خانے کے باہر لگا پرچم بھی اتار کر لے گئے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
فرینکفرٹ میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد پاکستان کے وزارت خارجہ کے حکام نے اس کی تصدیق کی ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ اس واقعے کے دوران پاکستانی قونصل خانے کا عملہ محفوظ رہا ہے۔
حکام کے مطابق جرمن وزارت خارجہ نے پاکستانی سفارتی حکام کو واقعے کی مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کروائی ہے۔ جبکہ واقعے میں ملوث متعدد افراد کی گرفتاری کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ جن سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
افغانستان کا پرچم تھامے مظاہرین نے پاکستانی قونصل خانے میں داخل ہو کر قونصل خانے میں لگا پاکستانی پرچم اتار دیا۔ ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ احتجاجی مظاہرین پاکستانی پرچم اپنے ساتھ باہر لے آئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتعل مظاہرین نے پاکستانی پرچم کو جلانے کی بھی کوشش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں