تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو فوج کی تحویل میں دیے جانے کے خلاف پی ٹی آئی کا عدالت سے رجوع

سمیع خان

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے بانی چیئرمین عمران خان کو مقدمے کے لیے ممکنہ طور پر فوج کی تحویل میں دیے جانے کے خلاف جمعرات کو لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

عمران خان کے وکیل عزیز کرامت کے ذریعے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نو مئی 2023 کے مقدمات میں عمران خان کو مقدمے کی سماعت کے لیے فوج کے حوالے کیے جانے کا خدشہ ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک میں سول عدالتیں آئین و قانون کے مطابق کام کر رہی ہیں، لہذا عمران خان کے مقدمے کی سماعت فوجی عدالتوں میں کرنے کی بجائے سول عدالتوں میں جاری رکھنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں وفاقی حکومت، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب، سپرنٹنڈنٹ پولیس، اڈیالہ جیل اور چاروں صوبوں کے آئی جیز کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ’بانی پی ٹی آئی پاکستان کے سابق وزیرِاعظم ہیں، جنہیں اپریل 2022 میں عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سب سے زیادہ ریاستی جبر کا نشانہ بنایا گیا۔‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں