خالد لطیف بلوچ
لندن: ایسٹ لندن کے علاقے میں آگ سے جھلس کرجاں بحق ہونے والے 3 پاکستانی نژاد بچوں کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔
لندن میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں آیت ملک، حنان ملک اور نقاش ملک جاں بحق ہوئے، تینوں بچوں کی نمازجنازہ منہاج القرآن یوکے کے ہیڈآفس میں ادا کی گئی، مقامی میئر رخسانہ فیاض، میٹرو پولیٹن پولیس ایریا ہیڈ اور اسکول ٹیچرز بھی جنازے میں شریک تھے۔
جھلس کرجاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں7، 11 اور 13 سال تھیں ، نمازجنازہ میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، بچوں کی تدفین مقامی قبرستان میں کی جائیگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے، 16 سالہ لڑکا، والدہ اور والد بھی اسپتال میں زیرعلاج رہے۔
میئررخسانہ فیاض نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں والد خرم ملک اور فیملی کے ساتھ ہیں، نیوہیم کونسل متاثرہ فیملی کی ہرطرح سے مدد کرے گی۔
رخسانہ فیاض نے کہا کہ آج سب دل گرفتہ ہیں، کمیونٹی متحد ہوکر متاثرہ خاندان کیساتھ کھڑی ہے، دریں اثنا بچوں کی میتوں کو بگھیوں میں مقامی قبرستان منتقل کردیا گیا ہے۔