10 لاکھ سے زائد لوگوں کو پاسپورٹ کی فیس جمع کرانے کے باوجود پاسپورٹ نہیں مل سکے
محمد آیرش
لاہور: ملک میں پاسپورٹ کا بحران ابھی تک حل نہیں ہو سکا، جس کی وجہ سے شہری کئی ماہ انتظار کی سولی پر لٹکنے کے باوجود بھی پاسپورٹ سے محروم ہیں۔
ملک میں نارمل فیس ادا کرکے درخواست دینے والوں کے لیے پاسپورٹ ایک خواب بن گیا۔ 3 ، 4 مہینوں تک انتظار کے بعد بھی شہری پاسپورٹ وصولی کی راہ تک رہے ہیں، جس کے نتیجے میں کوئی بیرون ملک ملازمت سے محروم ہوگیا تو کوئی بھاری فیس ادا کرکے بھی تعلیمی داخلہ نہیں لے سکا۔ دوسری جانب بحرانی صورت حال سنگین ہونے کے باوجود محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔
محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن لاکھوں کروڑوں روپے فیس وصول کرنے کے بعد بھی پاسپورٹ بروقت تو کیا کئی کئی ماہ انتظار کروانے کے باوجود بھی نہیں دے رہا جب کہ شہری ذلیل وخوار ہونے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ پاسپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سمیت ملک بھر میں 10 لاکھ سے زائد افراد ایسے ہیں جنہوں نے پاسپورٹ کے حصول کے لیے فیس تو جمع کرائی ہے مگر انہیں پاسپورٹ نہیں مل سکا۔