محمد اظہر نوائے وقت
لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ حکومت کا پی ٹی آئی کے ساتھ رویہ مختلف ہے اور جماعت اسلامی کے ساتھ مختلف ہے۔
پی ٹی آئی کی لاہور میں جلسے کی اجازت نہ ملنے کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔
جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ پہلے دن سے پوچھ رہا ہوں کہ یوم آزادی پر سیاسی سرگرمی کے حوالے سے حکومت کی پالیسی کیا ہے؟ آپ کا پی ٹی آئی کے حوالے سے مختلف رویہ ہے، جماعت اسلامی کے حوالے سے مختلف، جماعت اسلامی کا دھرنا چل رہا ہے۔
وکیل پنجاب حکومت نے کہا کہ پی ٹی آئی کے علاوہ دو اور سیاسی جماعتوں کے جلسے کی درخواستیں خارج کی گئیں، جماعت اسلامی بغیر اجازت کے یہ سب کچھ کر رہی ہے، اگر ایسا ہے تو آپ نے ان کے خلاف کیا ایکشن لیا؟
وکیل پنجاب حکومت نے کہا کہ مجھے اس کی معلومات نہیں، ہوسکتا ہے کہ راولپنڈی ڈویژن نے کچھ کیا ہو، جلسے کی درخواست پر سیاسی جماعت کا رویہ بھی دیکھنا ہوتا ہے۔
جسٹس باقر نے کہا کہ اگر آپ کو ایسا خطرہ ہے تو سیاسی جماعت بیان حلفی دے سکتی ہے، اگر بیان حلفی کے بعد بھی آپ اجازت نہیں دیتے تو قانون اس صورتحال کو دیکھے گا۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ اگر یہ جگہ اور وقت کی تبدیلی کی بات کرتے ہیں تو میں کل اس حوالے سے آگاہ کردوں گا، جب سیاسی سرگرمی ہوتی ہیں، تو دہشت گری کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ آپ کو کس بات کا خطرہ ہے؟ حکومت آپ کی ہے، مضبوط حکومت ہے، مجھے سمجھ نہیں آتی کہ اگر آپ کہیں کہ لاہور شہر میں کوئی 2 یا 5 مرلے کی جگہ نہیں جہاں جلسے ہوسکے؟
سرکاری وکیل نے کہا کہ دو مرلے کی جگہ پر تو نہیں ہوسکتا، یہ بات تو آپ بھی تسلیم کریں گے۔
عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت لے کر پیش ہونے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔