رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ (RUSI) میں انٹرایکٹو سیشن میں “علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں پاکستان کا کردار” کے موضوع پر اظہار خیال
سٹاف رپورٹر نوائے وقت
لندن:جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، جو برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں، نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف ایڈمرل سر ٹونی راڈاکن اور برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر رولینڈ واکر سے ملاقات کی۔
ان الگ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی اور سیکورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان اور برطانیہ کے مابین عسکری روابط کے دائرہ کار کو بڑھانے کے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ (RUSI) میں ایک انٹرایکٹو سیشن بھی حصہ لیا، جہاں انہوں نے “علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں پاکستان کا کردار” کے موضوع پر اظہار خیال کیا ۔ چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے عالمی اور علاقائی چیلنجز پر تفصیلی روشنی ڈالی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
برطانوی عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کا اعتراف کیا۔