محمد ارشد
قصور: بجلی کے زائد بل سے دلبراشتہ ہوکر تین بچوں کے باپ نے ٹرین کے نیچے آکر خودکشی کرلی۔
ضلع قصور تحصیل کوٹ رادھا کشن کے رہائشی منیر کا بجلی کا بل 10 ہزار روپے آگیا، 38 سالہ منیر پہلے ہی غربت کے ہاتھوں پریشان تھا، گھر میں فاقہ کشی کی صورتحال تھی، بجلی کا بل آنے کے بعد بیوی سے جھگڑا ہوا جس کے بعد منیر اپنے چھوٹے بچے کو ساتھ لے کر اسٹیشن چلا گیا۔
کوٹ رادھا کشن کے اسٹیشن پر اس وقت کراچی سے سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ٹرین کھڑی تھی، ٹرین چلنے لگی تو تین بچوں کے باپ منیر نے بچے کو گود سے اتار کر اپنا سر پٹڑی پر رکھ دیا جس کے نتیجے میں اس کا سر دھڑ سے الگ ہوگیا۔
پڑوسیوں کے مطابق منیر انتہائی غربت میں مبتلا تھا، گھر میں فاقہ کشی تھی، اوپر سے واپڈا والوں کی طرف سے ساڑھے دس ہزار کا بجلی کا بل آ گیا۔
منیر کیانی اسٹریٹ نئی آبادی کا رہائشی تھا ، جب اس کی نعش گھر پہنچی تو گھر میں کہرام مچ گیا۔