آصف کیانی
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی کے دو بھائیوں کی بازیابی کے حکم پر عمل نہ ہونے پر کیوں نہ توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، عدالت نے 15 اگست کو معاونت کے لیے اٹارنی جنرل کو طلب کرلیا۔
کیس سے متعلق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے دو صفحات کا تحریری حکم جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ 9 اگست کے عدالتی حکم پر عمل نہ ہونا بادی النظر میں توہین عدالت ہے، سیکرٹری دفاع، سیکرٹری داخلہ، آئی جی، ڈی جی ایف آئی اے ذاتی حیثیت میں پیش ہوں، وضاحت کریں! کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ وزارت دفاع کے نمائندے، پولیس اور اسٹیٹ کونسل نے کہا کچھ معلوم نہیں، عدالت نے دونوں لاپتا بھائیوں کو عدالت میں پیش کرنے کا واضح حکم دیا، نہ عدالتی حکم پر عمل ہوا نہ ہی کوئی دستاویز پیش کی گئی کہ کوئی کوشش کی گئی ہو۔