سمیع خان
راولپنڈی :سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو دبانے کے لیے ملک کو تباہ کیا جا رہا ہے، اسٹیبلشمنٹ کو کہتا ہوں آپ جو کر رہے ہیں اس سے ملک اور ادارے تباہ ہو رہے ہیں، فراڈ لوگوں کو اوپر بٹھا کر ادارے تباہ کیے جا رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے ہم پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سارا معاشی نظام پی ٹی آئی نے خراب کیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے الزامات پر صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اکنامک سروے آف پاکستان کی رپورٹ پڑھ لیں، (ن) لیگ والے ساڑھے 19ارب ڈالر کا خسارہ چھوڑ کر گئے تھے، اس لیے ہمیں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس جانا پڑا۔
عمران خان نے کہا کہ عاطف اور جنید خان کو پیغام ہے کہ وہ اینٹی کرپشن کے معاملے پر کمیٹی سے ملیں، اس معاملے کو بلاوجہ عوام میں نہ لے کر جائیں، پہلے یہ دیکھیں کہ اینٹی کرپشن کمیٹی نے یہ قدم کیوں اٹھایا۔