خادم حسین
کراچی: گلشن اقبال میں مکان مالک اور اس کے بیٹے کے تشدد سے کرایہ دار جاں بحق ہو گیا، پولیس نے مکان مالک اور اس کے بیٹے کو گرفتارکرکے تھانے منتقل کردیا۔
عزیز بھٹی تھانے کے علاقے گلشن اقبال بلاک تیرہ بی میں واقع مکان نمبر اے 86 میں جھگڑے کے دوران تشدد سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتول کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی گئی۔
ایس ایچ او عزیز بھٹی شہزاد الیاس نے ایکسپریس کو بتایا کہ گلشن اقبال بلاک 13 بی میں مکان مالک اور کریہ دار کے درمیان جھگڑا ہوا اور مکان مالک معراج احمد شیخ ولد اللہ والے اور اس کے بیٹے محمد شفیع ولد معراج انور شیخ کے تشدد سے کرایہ دار آصف جاں بحق ہو گیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر مکان مالک معراج احمد اور اس کےبیٹے محمد شفیع کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا ابتدائی اطلاعات کے مطابق مکان مالک اور کرایہ دار میں جھگڑامکان خالی کرانے پر ہوا، مقتول کرائے دار نے اتوار کو مکان خالی کرنا تھا لیکن کرایہ دار نے مکان خالی نہیں کیا جس پر مکان مالک اور کرایہ دار میں جھگڑا ہوا اور جھگڑے کے دوران مکان مالک اور اس کے بیٹے نے کرائے دار کوگھونسے اور مکے مارے جس سے کرایہ دار جاں بحق ہو گیا۔