خادم حسین
کراچی: مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے اور 28 اگست کوملک گیر کامیاب شٹر ڈائون ہڑتا ل ہر صورت ہوگی۔
کراچی پریس کلب میں کراچی کی تمام تاجر تنظیموں کے عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی تنظیم تاجران کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ حکومت کی طفل تسلیاں اور جھوٹے دعوے تاجروں کو مرغوب نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ شٹر ڈاون ہڑتال کاروبار اور معیشت بچانے کے لیے ہوگی، ملک بھر کے تاجروں کے تحفظ اور معیشت کی بہتری کے لیے ہڑتال کامیاب کریں گے۔
کاشف چوہدری کا کہنا تھا کہ تاجر وں نے ملکی معیشت کو پروان چڑھانے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی غنڈہ گردی کا مقابلہ کرنے کا عہد کر رکھا ہے، جب تک تاجر دوست اسکیم ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوگا، تب تک ہڑتال ختم نہیں ہوگی اور نہ ہی مذاکرات کیے جائیں گے۔