سپورٹس رپورٹر نوائے وقت
لندن:بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ ’انڈین کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ تنظیم کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔‘
آئی سی سی کے موجودہ چیئرمین گریک بارکلے تیسری مدت کے لیے چیئرمین بننے میں دلچسپی نہیں رکھتے جس کے بعد جے شاہ دسمبر میں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیں گے۔
دنیا کے امیر ترین کرکٹ بورڈ کا سربراہ ہونے سے آئی سی سی کی قیادت تک، 35 برس کے نوجوان کا تیزی سے اُبھرنا کھیل کی بین الاقوامی انتظامیہ پر انڈیا کی بالادستی کو ظاہر کرتا ہے۔
ایک ایسے ملک میں جہاں کھیل اور سیاست کا چولی دامن کا ساتھ ہے، ان کی پہچان انڈین وزیر داخلہ امیت شاہ کا بیٹا ہونا ہے جو ہندو قوم پرست وزیراعظم نریندر مودی کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں۔