سمیع خان
راولپنڈی: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی کرکٹ سے متعلق انتظامی صلاحیتوں پر سوال اٹھا دیا۔
اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی سی بی) عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بنگلہ دیش سے قومی ٹیم کی شکست کا ملبہ چیئرمین پی سی بی پر ڈالتے ہوئے ان پر بدانتظامی اور ناقص سربراہی کا الزام عائد کیا ہے۔
سابق کپتان نے اپنے بیان میں کرکٹ ورلڈ کپ 2023 اور ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی کا بھی ذکر کیا اور ٹیم کی موجودہ کارکردگی پر بھی تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم پہلی دفعہ ورلڈ کپ کی چار سرفہرست ٹیموں یا ٹی20 کی بڑی 8 ٹیموں میں جگہ نہیں بنا پائے اور اب ہمیں بنگلہ دیش سے شرم ناک شکست ہوئی جو ناکامیوں میں ایک اور اضافہ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ صرف ڈھائی سال قبل اسی ٹیم نے بھارت کو 10 وکٹوں سے ہرایا تھا، ان ڈھائی برسوں میں ایسا کیا ہوا کہ ہم بنگلہ دیش سے 10 وکٹوں سے ہار گئے۔