آصف کیانی
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں پولیس افسران کی کمی ہوگئی۔ اہم عہدے خالی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس میں متعدد سینئیر افسران سائیڈ لائن لگا دئیے گئے ہیں جبکہ جونئیر افسران کو ایک گریڈ اوپر کردیا گیا ہے۔ ایس پیز کو اضافی چارج دے کر کام چلایا جا رہا ہے۔ دو ایس پیز کو ایس پی کا چارج دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دیگر سینئر افسران اسلام آباد پولیس میں آنے کو تیار نہیں ہیں۔ ڈی آئی جی سے لے کر ایس پی تک افسران اضافی چارج کے ساتھ سیٹوں پر براجمان ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشن کے پاس ایک اسکیل اوپر کا چارج موجود ہے۔ان سے سینئیر افسران اسلام آباد پولیس میں موجود ہیں تاہم ان افسران سے آپریشن ڈویژن کی خدمات حاصل نہیں کی جا رہی ہیں۔
ایس ایس پی آپریشن ارسلان شاہ زیب کے پاس بھی ایک اسکیل اوپر کا چارج موجود ہے۔شہزاد اکبر کو ایس پی سٹی کا چارج دے دیا گیا جبکہ پولیس سروس گریڈ 17 کے جونئیر افسر علی رضا کو دو اہم عہدوں سے نوازا گیا ہے۔ انہیں ایس پی انڈسٹریل ایریا اور ایس پی ڈولفن تعینات کیا گیا ہے۔ سینئر افسران کے موجود ہونے کے باوجود بھی جونئیرز کو نوازے جانے پر افسران میں تشویش پائی جاتی ہے۔