شراب نوشی کے ليے عمر کی کم سے کم حد اٹھارہ اور ٹک ٹاک ليے بارہ برس مقرر کی جائے
سٹاف رپورٹر نوائے وقت
فرینکفرٹ:منشيات کے استعمال کی روک تھام سے متعلق جرمن حکومت کے کمشنر نے تجویز دی ہے کہ ملک ميں شراب نوشی کے ليے کم سے کم عمر اٹھارہ برس اور ٹک ٹاک کے استعمال کے ليے کم از کم بارہ برس مقرر کی جائے۔ برکہارڈ بلينرٹ کمشنر کے بقول انہوں نے نابالغوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کے تحفظ کے ليے يہ مشورہ ديا ہے۔
چند ملکوں نے داخلی سطح پر اس ويڈيو شيئرنگ پليٹ فارم پر پہلے ہی مکمل پابندی لگا رکھی ہے۔ تاہم اس پابندی کے پس پردہ نابالغوں کی ذہنی صحت نہیں بلکہ ديگر عوامل کارفرما تھے۔
برکہارڈ بلينرٹ کا مزيد کہنا تھا کہ بارہ برس سے کم عمر کے نابالغوں کے ليے ٹک ٹاک استعمال کرنے پر مجوزہ پابندی کے نتيجے ميں بچے سوشل ميڈيا کو بہتر طور پر سمجھ پائيں گے اور وہ صحيح اور غلط ميں تفريق کے قابل بنيں گے۔
کمشنر بلينرٹ کے بقول ٹين ايجرز کو بھی بلا رکاوٹ ٹک ٹاک استعمال کرنے کی اجازت نہيں ہونی چاہيے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تکنيکی رکاوٹوں کے ذريعے اس بات کو يقينی بنايا جانا چاہيے کہ اٹھارہ برس تک کی عمر والوں کو خطرناک سمجھے جانے والے مواد تک رسائی حاصل نہ ہو۔ انہوں نے کہا، ”منشيات اور تشدد کو اگر کاميابی کے طور پر پيش کيا جائے، تو ہميں باريکی سے جائزہ لينا پڑے گا۔‘‘