قاضی فائز عیسیٰ کے جاتے ہی 4 حلقے کھلیں گے اور حکومت اپنے آپ گر جائے گی، عمران خان

سمیع خان

راولپنڈی:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کرنے کے لیے حکومت قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ مل کر سازش کررہی ہے، قاضی فائز عیسیٰ 6 ،7 ماہ سے الیکشن کھلنے نہیں دے رہا، قاضی فائز عیسیٰ کے جاتے ہی 4 حلقے کھلیں گے اور حکومت اپنے آپ گر جائے گی۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے روپوش رہنماؤں سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔

انہوں نے کہا کہ کسی روپوش رہنما کو باہر آنے کا نہیں کہا ہے، ہمارے جو لوگ روپوش ہیں اگر وہ باہر آئیں گے تو ان کو اٹھا لیا جائے گا، روپوش رہنماؤں کو ہدایت ہے وہ ابھی باہر نہ نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں جیل سے ڈر نہیں لگتا مسئلہ یہ ہے ہمارے لوگوں کو اغوا کیا جاتا ہے، ہمارے لاہور کے صدر سمیت اظہر مشوانی کے دو بھائیوں کو اغوا کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جیل سے ڈپٹی سپرینڈنٹ کو بھی اغوا کیا گیا اور اس پر پولیس والوں نے عدالت میں کہا کہ ڈپٹی سپریٹینڈنٹ کسی عورت کے ساتھ بھاگا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کرنے کے لیے حکومت قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ مل کر سازش کررہی ہے، قاضی فائز عیسیٰ 6 ،7 ماہ سے الیکشن کھلنے نہیں دے رہا، قاضی فائز عیسیٰ کے جاتے ہی 4 حلقے کھلیں گے اور حکومت اپنے آپ گر جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگ 60 سے 70 ہزار ووٹوں سے جیتے ہیں، حیرانی ہے کہ عون چودھری نے ایک لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے، ملک کو بنانا ری پبلک بنا دیا گیا ہے لوگ حکمرانوں پر ٹرسٹ نہیں کرتے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کہہ رہی ہے کہ دہشت گردی پی ٹی آئی کی وجہ سے ہورہی ہے، ہم نے تو ان لوگوں کو بلا کر سیٹل کروایا، اگست میں امریکا افغانستان سے گیا تو ستمبر میں ہم نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خاتمے کے لیے افغان حکومت سے بات کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں