اجلاس میں ایم پی ملک قاسم ندیم، محمد ارشد ملک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ، اسسٹنٹ کمشنر محمد عظمان چوہدری، وحید گوندل کی شرکت
محمد ابرار نوائے وقت
ساہیوال: ڈپٹی کمشنر صائمہ علی نے کہا ہے کہ علماء ربیع الاول کے دوران مذہبی رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں امن و امان کی فضا قائم رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔ چہلم حضرت امام حسین اور ربیع الاول کے موقع پر تمام ادارے اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔ اجلاس میں ممبر پنجاب اسمبلی ملک قاسم ندیم، محمد ارشد ملک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ، اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال محمد عظمان چوہدری، اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی احسن وحید گوندل سمیت ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ ممبر صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم نے کہا کہ ساہیوال کو امن کا گہوارہ بنائے رکھنے کے لئے ضلعی امن کمیٹی کے تمام اراکین کا تعاون ہمیشہ مثالی رہا ہے۔ ممبر صوبائی اسمبلی محمد ارشد ملک نے کہا کہ عید میلاد النبی کے جلوسوں اور تقریبات کے دوران فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور عوام کی سہولت کے لئے ٹریفک پلان کو موثر طریقے سے نافذ کیا جائے۔ اجلاس کے دوران علماء نے محرم کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے بہترین انتظامات کو سراہا ۔ اجلاس کے اختتام پر ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا بھی کی گئی۔