ملک دیوالیہ ، معیشت ڈوب رہی ہے ، حکومت شاہانہ اخراجات کم کرنے کو تیار نہیں،حکومتی رائٹ سائزنگ کمیٹی کے سابق رکن اور ماہر معیشت قیصر بنگالی

محمد لطیف نوائے وقت

اسلام آباد:حکومتی رائٹ سائزنگ کمیٹی کے سابق رکن اور ماہر معیشت قیصر بنگالی نے کہا ہے ملک دیوالیہ اور معیشت ڈوب رہی ہے لیکن حکومت شاہانہ اخراجات کم کرنے کو تیار نہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے قائم کی گئی رائٹ سائزنگ آف دی فیڈرل گورنمنٹ کمیٹی کے سابق رکن ڈاکٹر قیصر بنگالی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد جاؤ تو لگتا ہے کہ سب نارمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی تشکیل کردہ ہائی پاورڈ کمیٹی سے استعفیٰ دینے پر کچھ باتیں واضح کرنا چاہتا ہوں، 53 سرکاری اداروں کے 70 محکمے بند کرنے کی سفارش پر حکومت نے صرف ایک ادارہ بند کرنے کا فیصلہ کیا۔

قیصر بنگالی نے کہا کہ مجھ سے پہلے حفیظ پاشا اور ڈاکٹر عشرت حسین کی حکومتی اخراجات کم کرنے کی کمیٹی کی سفارشات پر بھی عمل نہیں ہوا اور اب ہماری سفارشات بھی نہیں سنی جارہی تھیں، ہمیں صرف یہ کہا جاتا تھا کہ آپ کی بات نوٹ کرلی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تنظیم نو کی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی میں پہلے ٹیکنیکل لوگ تھے، پھر کمیٹی میں 2 وفاقی وزیر اور سیاسی لوگوں کو شامل کردیا گیا، تجربے کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں کہ وفاقی وزرا اور سیاسی لوگوں کا ایجنڈا کچھ اور ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر قیصر بنگالی نے وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے قائم کی گئی رائٹ سائزنگ آف دی فیڈرل گورنمنٹ کمیٹی کی رکنیت کے علاوہ کفایت شعاری اور اخراجات میں کمی سے متعلق کمیٹوں کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں