اداروں پر کرپٹ اور نااہل لوگ بٹھا دیے جائیں تو قوم تباہ ہو جائے گی
سمیع خان
راولپنڈی:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی وسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عدلیہ واحد ادارہ ہے جس سے امید ہے لیکن یہ اب سپریم کورٹ پر حملہ کر رہے ہیں تاہم واضح کردوں کہ عدلیہ کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی تو سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔
پانی پی ٹی آئی نے 190 ملین کیس کی سماعت کے دوران اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کو تباہ کرنے کے لیے دشمن کے حملے کی ضرورت نہیں ہوتی، اداروں پر کرپٹ اور نااہل لوگ بٹھا دیے جائیں تو قوم تباہ ہو جاءے گی۔
انہوں نے کہا کہ جن کو 20 سیٹیں نہیں ملیں انہیں جعلی مینڈیٹ دیکر بٹھا دیا گیا، کرپٹ لوگوں کو مسلط کرکے ملک کا بیڑا غرق کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش سے وائٹ واش ہوگئی اس سے بری اور شکست کیا ہوگی، ایسا کون سا ایٹم بم پھٹ گیا کہ 3 سال میں ہماری کرکٹ بنگلہ دیش سے نیچے اور تباہ ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ ایک ٹیکنیکل کھیل ہے لیکن اس پر اپ نے سفارشی بٹھا دیے، محسن نقوی کی کیا قابلیت ہے۔ رمیز راجہ میرا رشتہ دار نہیں تھا بلکہ ایک پروفیشنل کرکٹر تھا جسے میں نے چیئرمین پی سی بی بنایا۔
عمران خان نے کہا کہ اب بڑے صاحب نے اپنا چیئرمین پی سی بی رکھ لیا جو کرپٹ اور فراڈیا ہے، اس نے الیکشن کا فراڈ کیا، گندم کا فراڈ کیا اور اسے وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی بڑے صاحب نے اپوائنٹ کیا جس نے کرکٹ کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ادارہ سب کا ہے صرف آرمی چیف کا نہیں، پوری قوم کے لیے اہم ہے کہ ادارہ مضبوط ہو، جو کام دشمن نہیں کرسکا وہ یہ خود کرکے ادارے کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔