سٹاف رپورٹرز / نمایندگان نوائے وقت
اسلام آباد/لاہور / گجرانوالا :پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں ہونے والے جلسے سے قبل راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز سست روی کا شکار ہیں یا پھر مکمل بند کر دی گئی ہے ۔ شہریوں کو سوشل میڈیا ایپس بالخصوص واٹس ایپ کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انٹرنیٹ کی بندش اور سست روی کے بارے میں پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وزات داخلہ سے مؤقف جاننے کی کوشش کی گئی تاہم دونوں محکموں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے انٹرنیٹ کی بندش یا سست روی کو اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کو متاثر کرنے کے لیے حکومتی اقدام قرار دیا ہے۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے سے قبل وزارت داخلہ یا پی ٹی اے نے انٹرنیٹ سروسز کو ڈاؤن کرنے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا تاہم جڑواں شہروں میں صبح 10 بجے سے انٹرنیٹ سروسز سست یا بند ہونا شروع ہوئیں اور اس دوران سوشل میڈیا اپیس بھی مکمل طور پر فعال نہیں رہیں۔