رانا وحید نوائے وقت
ساہیوال : سیکرٹری لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب ثاقب علی عطیل کا ایکشن۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ساہیوال ڈاکٹر محمد انیس کو تبدیل کر دیا۔ فوری چارج چھوڑ کر ہیڈ آفس رپورٹ کر نے کی ہدایت۔ وہ یہاں ڈائریکٹر لائیوسٹاک آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں انہوں نے افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک ڈاکٹر محمد اشرف، ڈائریکٹر لائیوسٹاک ساہیوال ڈاکٹر محمد انیس، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر افتخار حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر شفاقت علی، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضلع اوکاڑہ ڈاکٹر حق نواز اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک پاک پتن ڈاکٹر رانا محمد سلیم نے شرکت کی۔
سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے لائیوسٹاک کی بہتری کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے تاریخ میں پہلی مرتبہ محکمہ لائیوسٹاک کے لئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر تحصیل میں جانوروں کے لئے الٹراساونڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں میں منہ کھر کی بیماری کو کنڑول کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے 7.5ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور غفلت برتنے پر زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ محکمانہ فرائض میں غفلت و عدم توجہی ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسران فیلڈ وزٹس کو یقینی بنائیں۔ محکمانہ کارکردگی کے معیار پر کورئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فارمرز سے قریبی رابطہ رکھا جائے اور ان کی رہنمائی کی جائے۔قبل ازیں انہوں نے سول ویٹرنری ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آپریشن تھیٹر، الٹراساونڈ مشین، ٹریننگ ہال اور میڈیسن سٹور میں ادویات کا سٹاک چیک کیا۔ ڈویژنل ڈائیگناسٹک لیب کی چیکنگ کے دوران انہوں نے لیب کے دیوار کے ساتھ پڑے کوڑے کو فوری اٹھانے اور گھاس اور پودے لگانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے لیب کے مختلف سیکشنز بھی دیکھے۔ انہوں نے ڈائریکٹر آفس کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا