سعودی عرب: کرپشن کے الزام پر لیفٹیننٹ جنرل ملازمت سے فارغ، 20 سال قید کی سزا

رشوت سے کمائی گئی رقوم اور اراضی ضبط، وصول جرمانے کی رقم قومی خزانے میں جمع ہوگی

قیصر منظور چوہدری نوائے وقت

ریاض:سعودی عدالت نے پبلک سیکیورٹی کے سابق ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل خالد بن قرار کو کرپشن اور رشوت کے الزم میں 20 سال قید کی سزا اور 10 لاکھ ریال جرمانہ کی سزا سنادی۔

سعودی عدالت نے پبلک سکیورٹی کے سابق ڈائریکٹر کو اختیارات کے غلط کے ذریعے عوامی فنڈز میں ہیرا پھیری کی، جعلسازی اور رشوت لینے پر مجموعی طور پر 20 سال قید کی سزا کے علاوہ 10 لاکھ ریال جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔

عدالت نے لیفٹیننٹ جنرل خالد بن قرار الحربی کو جعلسازی اور رشوت پر 10 سال قید کی سزا سنائی جب کہ اختیارات کے غلط استعمال کی بنیاد پر مزید 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

اس کے علاوہ عدالت کی جانب سے عائد کردہ 10 لاکھ جرمانے کی رقم حکومتی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔

فیصلے کے مطابق خالد الحربی سے وہ سب کچھ ضبط کر لیا جائے گا جو انہوں نے غیر قانونی طور پر حاصل کیا ہے جب کہ دوران ملازمت حاصل کیے گئے تحائف نما رشوتی اشیا بھی ضبط کرلیے جائیں گے، ان میں زرعی اراضی بھی شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں